Official Twitter account of Allama Raja Nasir Abbas Jafari,Leader of the Opposition in the Senate of Pakistan.Chairman MWM Pak. Managed by#SMT.#PakistanZindabad
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال کی خبر نہایت رنج و الم اور قلبی افسوس کے ساتھ موصول ہوئی۔ آپ کا وصال عالمِ اسلام، بالخصوص مکتبِ اہلِ بیتؑ کے علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ کی رحلت سے حوزہ ہائے علمیہ ایک ایسی جلیل القدر علمی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے جس کی زندگی علم، فقاہت، تقویٰ، تحقیق اور ترویجِ معارفِ اسلامی سے عبارت تھی۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی عمرِ عزیز کا بیش تر حصہ علومِ محمد و آلِ محمدؑ کی تعلیم و ترویج، فقہ و اصول کی تدریس، تحقیق و اجتہاد اور دینی و علمی رہنمائی میں صرف کیا۔ فقہِ جعفری کے دقیق مباحث پر آپ کی عمیق بصیرت، علمی استدلال کی پختگی، درس و تدریس میں بلند پایہ مقام اور معارفِ اہلِ بیتؑ سے والہانہ وابستگی نے علمی دنیا میں آپ کو ایک ممتاز اور منفرد مقام عطا کیا۔ آپ کی علمی و فکری خدمات، اجتہادی بصیرت اور تربیت یافتہ علمی نسلیں مدتوں حوزہ ہائے علمیہ اور دینی حلقوں کے لیے سرچشمۂ فیض و رہنمائی بنی رہیں گی۔
بلاشبہ ایسی شخصیات کا وجود محض ایک فرد کی ذات تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ وہ اپنے علم، کردار، فکری اثرات اور علمی میراث کے ذریعے زمانوں پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی حیاتِ علمی بھی اسی تسلسل کی ایک روشن مثال ہے، جس کے اثرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے رہیں گے۔
اس عظیم علمی و دینی شخصیت کے وصال پر مراجعِ عظام، علمائے کرام، حوزہ ہائے علمیہ، بالخصوص حوزۂ علمیہ قم، مکتبِ اہلِ بیتؑ کے پیروکاروں، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور تمام عقیدت مندوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔
بارگاہِ ایزدی میں دعاگو ہوں کہ پروردگارِ عالم حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی گراں قدر علمی، دینی اور مذہبی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں محمد و آلِ محمدؑ کے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور ان کے درجات میں مزید بلندی عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان، تلامذہ، متعلقین اور تمام اہلِ ایمان کو اس عظیم صدمے پر صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے۔الہی آمین
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنی صحت، طویل تنہائی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں پر پابندیوں، طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں، وہ نہایت تشویشناک اور ہمارے نظامِ انصاف کے لیے ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں۔
یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک سابق وزیراعظم، جو اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کرنے اور قانونی جنگ لڑنے کے لیے مسلسل عدالتوں سے رجوع کرتا رہا ہے، آج اپنی بنیادی انسانی ضروریات، طبی نگہداشت اور اہلِ خانہ سے ملاقات جیسے حقوق کے حصول کے لیے بھی اعلیٰ عدلیہ سے بذریعہ کھلے خط فریاد کرنے پر مجبور ہے۔ کسی بھی شہری، بالخصوص زیرِ حراست قیدی، کو علاج، انسانی رابطے، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت سے محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔
عمران خان کے خط میں بیان کردہ طویل تنہائی، بیرونی دنیا سے رابطے کی بندش، اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں، طبی معائنے اور علاج میں مبینہ غفلت اور مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت کی تفصیلات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ طبی نگہداشت سے گریز اور کسی زیرِ حراست شخص کو مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا رکھنا انسانی حقوق، بنیادی آئینی ضمانتوں اور جیل قوانین کی روح کے منافی ہے۔
خط میں بیان کردہ حالات اور مبینہ سلوک کی سنگینی ہمیں مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے ساتھ جیل میں روا رکھے گئے سلوک کی یاد دلاتی ہے، جہاں تنہائی، طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور بنیادی انسانی حقوق سے محرومی کے حوالے سے سنگین خدشات سامنے آئے تھے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے حالات کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ریاست اور متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ زیرِ حراست ہر شخص کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنائیں، نہ کہ اس کی مشکلات اور تکالیف میں اضافہ کریں۔
یہ بھی انتہائی تشویشناک ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026ء کے حکم کے باوجود عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے معائنہ کروانے اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں اس نوعیت کی تاخیر نہ صرف انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے بلکہ ایک قیدی کی زندگی اور صحت کو لاحق خطرات میں اضافے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی بینائی کو لاحق خطرات، ان کے طبی معائنے اور علاج میں رکاوٹوں اور ان کے طبی ریکارڈ تک رسائی نہ ملنے کے حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات بھی انتہائی افسوسناک ہیں۔ کسی بھی خاتون قیدی کو محض سیاسی وابستگی یا مقدمات کی بنیاد پر ضروری طبی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
ہم اعلیٰ عدلیہ سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے تمام معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے اور انہیں محض ایک شکایت یا خط سمجھ کر نظرانداز کرنے کے بجائے ان کی زندگی، صحت، آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر عدالتی اقدامات کیے جائیں۔
مزید برآں، عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف زیرِ سماعت تمام مقدمات کی سماعت بلاجواز تاخیر کے بغیر یقینی بنائی جائے۔ مقدمات کو غیر ضروری طور پر التوا میں رکھنے کے بجائے قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر سنا جائے اور جلد از جلد فیصلے سنائے جائیں۔ انصاف کی فراہمی میں تاخیر بذاتِ خود انصاف سے محرومی کے مترادف ہے۔ کسی بھی شخص کو غیر معینہ مدت تک مقدمات کے بوجھ تلے قید رکھنا اور اس کے حقِ دفاع کو متاثر کرنا عدالتی انصاف کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔
ہم واضح کرتے ہیں کہ ہمارا مطالبہ کسی خصوصی رعایت یا غیر معمولی سہولت کا نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا ہے۔ عمران خان کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، ان کے اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقات یقینی بنائی جائے اور ان کے تمام مقدمات کا شفاف، غیر جانبدارانہ اور بروقت فیصلہ کیا جائے۔
اعلیٰ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری آئین و قانون کی بالادستی، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ہے۔ آج عمران خان کی جانب سے انصاف کے لیے کی جانے والی اپیل دراصل ہمارے پورے نظامِ انصاف کے لیے ایک امتحان ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ اس اپیل پر فوری توجہ دے گی اور اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، انصاف، انسانی ہمدردی اور آئینی ذمہ داریوں کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ جب وہ عمران خان صاحب سے ملاقات کے لیے گئے تو نہ انہوں نے ہم سے ملاقات کی اور نہ ہی کسی معاملے پر ہم سے مشاورت کی۔ میرے خیال میں یہ طرزِ عمل بذاتِ خود بہت کچھ واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عمران خان کے نظریاتی حامی ان کے مزاج، سیاسی بصیرت اور اصولی مؤقف سے بخوبی آگاہ ہیں۔
اس وقت پوری اپوزیشن 28 ویں آئینی ترمیم اور صوبوں کی ممکنہ تقسیم کے خلاف ایک واضح اور دوٹوک مؤقف پر متحد ہے۔ ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ ہماری صفوں میں اتحاد برقرار رہے گا،ہم نہ اپوزیشن کو منتشر ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی سازش یا دباؤ کے تحت اسے تقسیم ہونے دیں گے۔ ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہیں اور آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
جہاں تک عمران خان صاحب کے مؤقف کا تعلق ہے، اب اس میں کوئی ابہام نہیں۔ جب وہ ایک اسٹینڈنگ کمیٹی تک کو تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں، تو یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ 28 ویں آئینی ترمیم جیسی متنازعہ آئینی ترمیم کو قبول کر لیں؟ بالخصوص ایسی صورت میں جب پورا صوبہ سندھ بھی اس کے خلاف شدید تحفظات رکھتا ہے۔
ہماری جدوجہد کا محور اصول ہیں، عہدے یا مصلحتیں نہیں۔ اپوزیشن کا اتحاد ہماری سیاسی قوت ہے اور ہم اسے ہر قیمت پر برقرار رکھیں گے۔
آئین و قانون کی بالادستی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد اور ریاست و عوام کے درمیان ایک مقدس آئینی معاہدہ ہے۔ آج پاکستان میں بدترین آئین شکنی، قانون کی پامالی اور عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا کی منتخب حکومت کا خاتمہ، اسپیکر، اراکینِ اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں، گمشدگیاں اور عدلیہ کے اختیارات محدود کرنا اسی لاقانونیت کی واضح مثالیں ہیں۔
عوام کے منتخب نمائندوں کو ہٹا کر مسترد شدہ لوگوں کو مسلط کرنے سے ریاستی نظام کمزور اور ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ایسے حالات میں خاموش رہنا جرم ہے۔ ہماری جدوجہد کسی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، بنیادی شہری حقوق، آزاد عدلیہ اور عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے لیے ہے۔
ہم ہر مشکل اور ہر جبر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ آئینی راستہ اختیار کرنا ہوگا، کیونکہ حکمران صرف وہی ہوں گے جنہیں عوام اپنے ووٹ سے منتخب کریں گے۔
(اسلام آباد آئینی عدالت میں صحافیوں سے گفتگو)
کوہاٹ میں پولیس کے دس بہادر اہلکاروں کی شہادت کا المناک واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ پوری قوم اس سانحے پر غمزدہ ہے۔ میں اس بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
یہ امر انتہائی قابلِ تشویش ہے کہ خیبر پختونخوا کی منتخب عوامی حکومت کو امن و امان کے قیام میں ناکامی کا جواز بنا کر ختم کیا گیا، مگر آج صوبہ بدترین بدامنی اور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عوامی مینڈیٹ کو پامال کرکے منتخب نمائندوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد صوبے میں امن و امان قائم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ عوامی نمائندگی، سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں۔
سوال یہ ہے کہ منتخب حکومت کو ہٹانے والوں نے صوبے کو امن دینے کے لیے اب تک کیا کیا؟ دس پولیس جوانوں کی شہادت کا جواب کون دے گا؟
خیبر پختونخوا کے عوام کو سیاسی تجربات نہیں، امن، تحفظ اور اپنے آئینی و جمہوری حقوق کی پاسداری چاہیے۔
یکم نومبر گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے موقع پر خطے کے تمام غیور، باشعور اور محبِ وطن عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے، جب یہاں کے بہادر اسلاف نے بے مثال شجاعت، قربانی اور عزم و استقامت کے ذریعے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ یہ دن ان بہادر غیور بزرگوں کی قربانیوں، غیرت و حمیت اور آزادی کے لیے ان کی لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ اب وقت کا تقاضا ہے کہ ان کی قربانیوں اور بے مثال وفاداری کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ان کے بنیادی آئینی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق دیے جائیں۔ اس خطے کے عوام کو بااختیار بنانا، ان کے وسائل پر ان کا جائز حق تسلیم کرنا اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کرنا قومی ذمہ داری ہے۔
میرا یقین ہے کہ آزادی کا حقیقی مفہوم صرف جغرافیائی آزادی نہیں، بلکہ عزت، انصاف، مساوات اور حقِ حکمرانی بھی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام ایک باوقار، خوشحال اور بااختیار مستقبل کے حق دار ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، گلگت بلتستان کو امن و خوشحالی نصیب کرے اور پاکستان کو مضبوط، متحد اور خودمختار بنائے۔الہی آمین
یومِ آزادی گلگت بلتستان مبارک!
صوبوں کی تقسیم کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے، ان کے علاوہ کوئی اور یہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔ اس معاملے پر بات چیت بھی عمران خان ہی سے ہونی چاہیے اور انہیں اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
اگر اسٹیبلشمنٹ صوبوں کی تقسیم چاہتی ہے یا اس معاملے میں پی ٹی آئی سے کوئی کردار ادا کروانا چاہتی ہے تو اسے عمران خان سے ملاقات کرکے براہِ راست بات کرنا ہوگی۔ ان سے ملاقات اور مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
چاہے میں ہوں، بیرسٹر ظفر ہوں یا کوئی اور، کسی کو بھی عمران خان کی جگہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ پی ٹی آئی کے مستقبل اور اس نوعیت کے اہم سیاسی فیصلوں میں عمران خان کی رائے اور منظوری بنیادی اہمیت رکھتی ہے
قوموں کی خاموشی سے ڈریں، کیونکہ جب نوجوان بولنا چھوڑ دیں تو یہ سکون نہیں، نظام سے ان کے اعتماد کے اٹھ جانے کی علامت ہوتی ہے۔
جب احتجاج، انتخابات، عدالتیں اور پارلیمنٹ عوام کو انصاف اور حقوق دلانے میں ناکام ہو جائیں تو نوجوان آخر کس دروازے پر دستک دیں؟ آپ نے جنریشن زی کو کس نہج پر لا کھڑا کیا ہے؟ یاد رکھیں، دیوار سے لگائے گئے لوگوں کی مایوسی کبھی کبھی ایسے طوفان کو جنم دیتی ہے جسے روکنا کسی کے بس میں نہیں رہتا۔
8 فروری 2024 کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے بعد اب آخری آئینی مورچوں کو بھی کمزور کر دیا گیا ہے۔ اگر ضمیر زندہ، دل میں خوفِ خدا اور ملک کے مستقبل کی فکر ہوتی تو عوام کے حقوق سے یوں کھلواڑ نہ کیا جاتا۔
خدارا! پاکستان کو کسی ایسے خطرناک موڑ پر نہ لے جائیں جہاں چند فیصلے ملک کے اتحاد اور سلامتی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن جائیں۔ اقتدار دائمی نہیں، مگر تاریخ کے فیصلے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ظلم کی انتہا اور انصاف کے دروازوں کی بندش ایسے حالات پیدا کر سکتی ہے جن کے نتائج کسی کے قابو میں نہ رہیں۔
اب بھی وقت ہے، پلٹ آئیے! پاکستان کسی فرد، جماعت یا ادارے کی جاگیر نہیں؛ یہ 25 کروڑ عوام اور اس کے نوجوانوں کا وطن ہے۔ عمران خان کے الفاظ میں، توبہ کریں اور آئین و قانون کی طرف لوٹ آئیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
اِنَّ اللّٰهَ يَغْفِرُ الذُّنُوْبَ جَمِيْعًا
بے شک اللہ تمام گناہ معاف فرما دیتا ہے۔ (الزمر: 53)
درِ توبہ آج بھی کھلا ہے۔ اپنی غلطیوں کی اصلاح کریں، عوام کے حقوق تسلیم کریں اور آئین و قانون کی بالادستی پر متفق ہو جائیں۔ ابھی بھی موقع ہے کہ تصادم کے بجائے مفاہمت، ظلم کے بجائے انصاف اور ضد کے بجائے قومی تعمیر کا راستہ اختیار کیا جائے۔
یاد رکھیے! عوام کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے، ان کے احساسات کو نہیں؛ اور جب امید دم توڑ دے تو خاموشی بھی تاریخ کا سب سے بڑا سوال بن جاتی ہے۔
یمن کے حوثی (انصار اللہ) باغی نہیں، بلکہ یمن کی تاریخ، سیاست اور مذہبی شناخت سے جڑی ایک اہم قوت ہیں۔حسنی سادات سے ان کی نسبت بیان کی جاتی ہے، جبکہ یمن کی تاریخ میں زیدی سادات کی حکومت تقریباً ایک ہزار سال سے زائد عرصے تک قائم رہی۔ لہٰذا یمن کی سیاسی حقیقتوں کو سمجھے بغیر انہیں محض باغی قرار دینا اور ان کی تکفیر کرنا درست طرزِ فکر نہیں۔
پاکستان کو دانش مندی، دوراندیشی اور اسلامی اخوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یمن اور سعودی عرب کی جنگ کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہیے۔ پاکستان کا کردار کسی ایک فریق کی جنگ میں شرکت نہیں، بلکہ دو مسلمان فریقوں کے درمیان صلح، جنگ بندی، مذاکرات اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر ثالثی ہونا چاہیے۔
مسلمانوں کا خون بہانے کے بجائے خونریزی روکنا، نفرتوں کو ہوا دینے کے بجائے مفاہمت کی راہ ہموار کرنا اور امتِ مسلمہ کو تقسیم ہونے سے بچانا ہی حقیقی دانش مندی ہے۔ پاکستان کو ایسی کسی پالیسی سے اجتناب کرنا چاہیے جو اسے ایک مسلمان ملک کے خلاف دوسرے مسلمان ملک کی جنگ میں دھکیل دے۔
پاکستان جنگ کا فریق نہیں، امن کا علم بردار بنے،بارود کی آگ کو ہوا دینے کے بجائے مذاکرات کی شمع روشن کرے۔ یہی اسلامی اخوت، قومی مفاد اور امتِ مسلمہ کے وسیع تر مفاد کا تقاضا ہے۔
خیبر پختونخوا کسی کی جاگیر نہیں، یہاں کے عوام کی امانت ہے،پاکستان کا آئین ہر صوبے کے عوام کو اپنی منتخب حکومت کے ذریعے حکمرانی کا حق دیتا ہے۔ پنجاب میں جاری جبر و فسطائیت، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، گھروں پر چھاپے اور چادر و چار دیواری کی پامالی اب خیبر پختونخوا تک پہنچ رہی ہے۔ مخالفین کی تختیاں اتارنا اور ترقیاتی منصوبوں سے سیاسی شناخت مٹانا اس ذہنیت کا اظہار ہے جو عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
8 فروری 2024 کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے بعد اب خیبر پختونخوا کے جمہوری اختیار کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لیکن یہ صوبہ کسی طالع آزما کی جاگیر نہیں؛ اس کی تقدیر کا فیصلہ یہاں کے عوام کریں گے، نہ کہ طاقت کے بل پر اقتدار حاصل کرنے والے عناصر۔
ہم خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس صوبے کو جبر و فسطائیت کی تجربہ گاہ اور پنجاب کی راجدھانی نہیں بننے دیں گے۔
ان شاء اللہ، آئین جیتے گا، قانون کی حکمرانی جیتے گی، عوامی مینڈیٹ سربلند ہوگا اور ظلم کو شکست ہوگی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو
اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں فرماتا ہے:
لَا يُحِبُّ اللّٰهُ الْجَهْرَ بِالسُّوْءِ مِنَ الْقَوْلِ إِلَّا مَنْ ظُلِمَ
اللہ مظلوم کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا حق دیتا ہے، مگر یہ ڈکٹیٹر نما حکمران فریاد کا جواب گولی، دھمکیوں، مقدمات اور ایف آئی آرز سے دیتے ہیں۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم نہ خاموش ہوں گے اور نہ اپنے حقوق سے دستبردار ہوں گے۔ ہم بولیں گے، سوال اٹھائیں گے اور ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔
پاکستان میں غربت اور معاشی بدحالی بڑھ رہی ہے، عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کو عوام کے سامنے جواب دہ ہونا ہوگا۔
آج ہم عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے آئے ہیں تاکہ اتمامِ حجت ہو اور کل کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ہم انصاف مانگنے نہیں آئے تھے۔ ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ ان شاء اللہ، ہم اس جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ہم عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ہمارا مؤقف ہے کہ ان کا مینڈیٹ چرایا گیا، ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور انہیں ان کے قانونی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ مظلوم کا ساتھ دینا انصاف کا تقاضا ہے۔
مولا علیؑ سے منسوب قول ہے:كُونَا لِلظَّالِمِ خَصْمًا وَلِلْمَظْلُومِ عَوْنًاؔ.
ظالم کے مخالف اور مظلوم کے مددگار بنو۔
یہی ہمارا عہد ہے،ظالم کے سامنے حق کی آواز بلند کریں گے، مظلوم کا ساتھ دیں گے اور آئین و قانون کی سربلندی کے لیے میدان میں ڈٹے رہیں گے۔ ان شاء اللہ، حالات جیسے بھی ہوں، ہم مظلوموں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
(پشاور میں میڈیا سے گفتگو)
آپ کے اپنے وزیر اعتراف کر چکے ہیں کہ پاکستان کولیپس کر چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ جس وطن کو آپ نے اس نہج تک پہنچایا، کیا یہ سب محبت میں کیا، دوستی میں کیا یا دشمنی میں؟ جب آپ سے ملک نہیں چل رہا تو اب صوبے پر قبضہ بھی کر لیا۔ کیا یہ سب پاکستان کی محبت میں ہو رہا ہے؟ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنا، ان کے حقوق سلب کرنا اور ان کی منتخب حکومت کو طاقت کے بل پر ختم کرنا اس سے بڑا دھوکا اور کیا ہو سکتا ہے؟
مجھے حیرت ہوتی ہے کہ عوام کے حقوق پامال کرنے والے خود کو محبِ وطن کہتے ہیں۔ ہم وطن سے محبت کرتے ہیں، اسی لیے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں، عوام کو مایوسی سے بچاتے ہیں اور انہیں پُرامن جدوجہد کا راستہ دکھاتے ہیں۔ دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو عوامی مینڈیٹ کے چور، حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے اور جبر کے ذریعے اقتدار قائم رکھنے کے خواہش مند ہیں۔
یاد رکھیے! ظالم بظاہر طاقتور دکھائی دیتا ہے، مگر اس کے اندر خوف چھپا ہوتا ہے؛ اسی لیے وہ عوام کی آواز سے ڈرتا ہے۔ لوگوں کو بولنے دیجیے، انہیں اپنے دکھ بیان کرنے، سوال اٹھانے اور احتجاج کرنے کا حق دیجیے۔ عوام کی خاموشی کو اپنی کامیابی نہ سمجھیے، کیونکہ جب لوگوں کی آوازیں دب جاتی ہیں تو معاشرے میں ایک ایسا اضطراب جنم لیتا ہے جس کے نتائج کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
آپ تقریر پر پابندی لگانا چاہتے ہیں، اختلافِ رائے کو کچلنا چاہتے ہیں اور احتجاج کی آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں، لیکن یاد رکھیے کہ حق کی آواز کو طاقت کے زور پر دبایا تو جا سکتا ہے، ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
قرآنِ مجید بھی مظلوم کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا حق دیتا ہے۔ سورۃ النساء کی آیت 148 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
لَا يُحِبُّ اللّٰهُ الْجَهْرَ بِالسُّوءِ مِنَ الْقَوْلِ إِلَّا مَنْ ظُلِمَ
ترجمہ: اللہ برائی کی بات کو علانیہ کہنا پسند نہیں کرتا، سوائے اس شخص کے جس پر ظلم کیا گیا ہو۔
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ مظلوم کو اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی گنجائش حاصل ہے۔ ظلم کے خلاف فریاد کرنا، انصاف طلب کرنا اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا کوئی جرم نہیں۔
جس عمل کو ظالم حکمران ناپسند کرتے ہیں، مظلوم کے لیے وہی اپنے حق کی آواز بلند کرنے کا ذریعہ ہے۔ لہٰذا عوام کو خاموش کرانے کے بجائے ان کی فریاد سنیے، ان کے حقوق تسلیم کیجیے اور اقتدار کو آئین و قانون کے تابع بنائیے۔
ہم آئین کی بات کرتے رہیں گے، قانون کی بالادستی کے لیے کھڑے رہیں گے اور مظلوم کی آواز بنتے رہیں گے، کیونکہ ہماری وفاداری کسی اقتدار سے نہیں، پاکستان، اس کے عوام اور آئین سے ہے۔
(پشاور میں میڈیا سے گفتگو)
آپ وطن کے باوقار بیٹوں اور پاکستان سے عشق کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں، انہیں حب الوطنی کے طعنے دیتے ہیں۔ کل پارلیمنٹ میں ایک وزیر صاحب نے بھی ہمیں محبِ وطن بننے کا درس دیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا عوام کا مینڈیٹ چرانا، گھروں میں گھسنا، ماؤں، بہنوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالنا اور نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنا حب الوطنی ہے؟
کیا 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے دباؤ، لالچ اور خرید و فروخت کے الزامات کے سائے میں آئین کو متنازع بنانا وطن سے محبت ہے؟ کیا عوام کی آواز دبانا، اختلافِ رائے کچلنا اور ملک کو خاموش قبرستان بنا دینا حب الوطنی ہے؟
کرپشن، لاقانونیت اور غیر آئینی اقدامات کے الزامات بھی آپ پر، اور پرچمِ حب الوطنی بھی آپ کے ہاتھ میں! عوام کے وسائل پر قبضے ہوں، ان کے حقوق پامال ہوں اور ان کی محرومیوں سے صرفِ نظر کیا جائے، تو پھر وطن سے محبت کے دعوے کس کام کے؟
آپ کے اپنے وزیر اعتراف کر چکے ہیں کہ پاکستان کولیپس کر چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ملک کو اس نہج تک پہنچانے والے محبِ وطن ہیں یا اس کے مستقبل سے دشمنی کر رہے ہیں؟
یاد رکھیے! پاکستان سے محبت کا ثبوت نعروں سے نہیں، کردار سے ملتا ہے؛ عوام کا مینڈیٹ تسلیم کرنے، آئین کی بالادستی قائم رکھنے اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے سے ملتا ہے۔
اگر یہی محبتِ وطن ہے تو پھر پاکستان سے دشمنی کسے کہتے ہیں؟
(پشاور میں میڈیا سے گفتگو)
دیر کالونی، خیبر پختونخوا میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک حادثے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس المناک سانحے میں قیمتی انسانی جانوں، بالخصوص معصوم طلباء کی شہادت پر دل انتہائی افسردہ ہے۔
اللہ تعالیٰ جاں بحق طلباء کے والدین اور اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ زخمی طلباء کو جلد از جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور تمام متاثرہ خاندانوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
بے شک، معصوم بچوں کی جدائی والدین کے لیے ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اس کٹھن گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
خیبر پختونخوا کے غیور محبِ وطن عوام کی منتخب کردہ حکومت کو طاقت کے بل پر ختم کرنا اور عوام کی دو تہائی اکثریت سے منتخب وزیرِاعلیٰ کو گرفتار کرنا عوامی مینڈیٹ، آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار پر سنگین حملہ ہے۔
عوامی حمایت اور اعتماد کے بغیر ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور پائیدار امن قائم کرنے کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ قیامِ امن طاقت کے بے دریغ استعمال سے نہیں، عوام کے اعتماد، سیاسی استحکام، انصاف اور مؤثر حکمتِ عملی سے قائم ہوتا ہے۔
غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پسے ہوئے عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے میں منتخب حکومت کو ہٹانا، وزیرِاعلیٰ کو گرفتار کرنا اور گورنر راج و ایمرجنسی کے ذریعے عوامی اختیار محدود کرنا ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کے بجائے مزید سیاسی تصادم اور انتشار کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔
یاد رکھیں! عوامی مینڈیٹ کو طاقت کے زور پر کچلا جا سکتا ہے، لیکن عوام کے دلوں سے ان کی سیاسی وابستگی اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کا عزم نہیں نکالا جا سکتا۔
عوام کو مسلسل دیوار سے لگایا جائے، ان کے ووٹ کی توہین کی جائے اور آئینی و جمہوری راستے بند کر دیے جائیں تو اس کے نتائج کسی ایک جماعت یا حکومت تک محدود نہیں رہتے، بلکہ پورا سیاسی نظام عدم استحکام کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ عوامی مینڈیٹ کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں جسے جب چاہیں پھاڑ کر پھینک دیں۔
یہ ملک کسی فرد، خاندان یا مسلط کردہ رجیم کی جاگیر نہیں۔ پاکستان کروڑوں عوام کا ملک ہے اور یہاں اقتدار کا فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے، طاقت کے ایوانوں میں بیٹھ کر نہیں۔
ہم خیبر پختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ اور عوام کے منتخب وزیرِاعلیٰ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آئین کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کا احترام اور سیاسی حقوق کا تحفظ کسی حکمران کا احسان نہیں، بلکہ عوام کا بنیادی حق ہے۔
یہ وقت خاموشی کا نہیں، آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کے دفاع کا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے بل پر اقتدار تو حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن عوامی اعتماد نہیں۔ جو حکمران عوام کی آواز دبانے اور ان کے مینڈیٹ کو روندنے نکلتے ہیں، انہیں بالآخر تاریخ کے کٹہرے میں جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔
پاکستان کا استحکام جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کے احترام میں ہے، نہ کہ جبر و استبداد، گرفتاریوں اور غیر جمہوری اقدامات میں۔
پاکستان کے وزیراعظم، صدر، تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو مل کر عمران خان کو باہر لانا چاہیے۔
پاکستان کی خاطر انہیں عمران خان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، بشرطیکہ انہیں واقعی پاکستان سے محبت ہو اور وہ پاکستان کو بچانا چاہتے ہوں،انہیں بلائیں، ساتھ مل کر بیٹھیں اور معاملات کو درست کر لیں؛ بات چیت کرنے کے بعد بھلے انہیں دوبارہ جیل بھیج دیں۔
اس سے پہلے کہ حالات ان کے اختیار سے نکل جائیں اور یہ لوگ گھٹنوں کے بل آ جائیں، انہیں چاہیے کہ یہ معاملات سلجھا لیں،میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ غرور، تکبر اور انا کے اڑن کھٹولے سے نیچے اترا جائے۔
اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو پورا پاکستان سڑکوں پر نکل آئے گا،جب ہم خود وہاں جا کر شریک ہوں گے تو آپ دیکھیں گے کہ یہ صورتحال کتنی نقصان دہ ہے۔
آئیں، آپ بھی ہمارا ساتھ دیں، پشاور آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھیں، لیکن اس طرح کے نئے مسائل کھڑے نہ کریں،یہ کہنا کہ "دہشت گرد آ رہے ہیں اور ہم ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے"، تو ان آہنی ہاتھوں سے نمٹتے نمٹتے آپ نے بلوچستان کا کیا حال کر دیا ہے؟
خیبر پختونخوا کی آبادی 4 کروڑ کے قریب ہے، جبکہ بلوچستان میں بلوچوں کی تعداد بمشکل 50، 60 یا 70 لاکھ کے لگ بھگ ہوگی، تو کیا آپ یہاں معاملات کو کنٹرول کر سکیں گے؟
جب سے میں نے ہوش سنبھالا ہے، یہی سنا ہے کہ وہاں صورتحال ٹھیک نہیں ہے، لڑائیاں ہو رہی ہیں اور لوگ مارے جا رہے ہیں۔ہم آل پارٹیز کانفرنس بالکل کریں گے، ملاقاتیں جاری ہیں اور انشاءاللہ ہم یہ کانفرنس ضرور منعقد کریں گے۔
مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے حکمران خود چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان سڑکوں پر نکل آئے۔آپ کے جو نمائندے بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم ان کے جواب میں پشاور سے نکلیں گے۔
میں خود وہاں جاؤں گا، ہمارے دوست وہاں ہوں گے اور ہم اپنی جیبوں میں قرآن لے کر نکلیں گے۔ہم نہیں چاہتے کہ کسی بے گناہ کی جان جائے، کسی کو تکلیف پہنچے یا کسی کا کوئی نقصان ہو۔
لانگ مارچ کے حوالے سے ہم نے اس دن بھی ان سے کہا تھا کہ آئیں بیٹھیں، اور ہم ایک پرامن روٹ (راستہ) طے کر لیتے ہیں۔
ہم سڑک کے ایک طرف چلیں گے اور آپ دوسری طرف ٹریفک چلاتے رہیں، اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
آپ لوگ کیوں اتنے ڈرے اور سہمے ہوئے ہیں؟ ہمارے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کریں۔آپ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم لوگ وہاں سے آ رہے ہیں تو گویا دہشت گرد آ رہے ہیں؟
صوبے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے جو لاکھوں لوگ آ رہے ہیں، کیا وہ سب دہشت گرد ہیں؟
آپ حکومت کے مخالفین کو بغیر سوچے سمجھے دہشت گرد قرار دے دیتے ہیں، کیا حکومت کا مخالف ریاست کا مخالف ہوتا ہے؟
حکومت کا مخالف، ریاست کا مخالف نہیں ہوتا؛ جو شخص اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رکھتا ہے، کیا وہ ریاست کا مخالف ہے؟ خدا کے لیے اس طرح کی باتیں کرنے سے گریز کریں۔
(موجودہ ملکی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو)
I am deeply saddened by the tragic loss of five crew members during the operation to recover the hijacked oil tanker MT Honour 25 off the coast of Somalia. Among those martyred are three Pakistani nationals — Rafiullah Khan, Syed Kashif Umer and Mahmood Ahmed Ansari.
I extend my heartfelt condolences to the bereaved families and pray for the departed souls. Three other Pakistani crew members were also injured and are receiving medical treatment.
I urge the Government of Pakistan to take immediate and effective measures to ensure the safe repatriation of the mortal remains of our martyrs, provide the injured with the best possible medical care, and facilitate the safe return of all surviving Pakistani crew members.
The Government must also ensure timely assistance and full support for the bereaved and affected families during this difficult time.
پاکستان ایک آئینی ریاست ہے اور اس کا آئین عوام اور وفاق کی اکائیوں کے درمیان ایک سماجی معاہدہ ہے، جو تمام شہریوں کے بنیادی، سیاسی اور جمہوری حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ احتجاج کرنا، اختلافِ رائے کا اظہار کرنا، دھرنا دینا اور لانگ مارچ کرنا جمہوری معاشروں میں عوام کے تسلیم شدہ آئینی و سیاسی طریقے ہیں، جنہیں کسی صورت حملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایک جمہوری ریاست عوام کے ساتھ طاقت، خوف اور جبر کی زبان میں نہیں بلکہ آئین، قانون، مکالمے اور احترام کے ساتھ معاملہ کرتی ہے۔ پرامن احتجاج کو دبانے کے بجائے اس کے اسباب کو سمجھنا ہی جمہوری رویہ ہے، کیونکہ اختلافِ رائے کو برداشت کرنا کمزوری نہیں بلکہ جمہوریت کی بنیادی روح ہے۔
مگر افسوس کہ آج پاکستان میں ایک سابق وزیراعظم اور مقبول سیاسی رہنما کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے، ان کے اہلِ خانہ اور بہنوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ہزاروں شہریوں کو ایم پی او کی مختلف دفعات کے تحت پابندِ سلاسل کرنے کے اقدامات پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اگر آئین شہریوں کو حقوق دیتا ہے تو ان حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری بھی ہے۔ سیاسی اختلاف کو جرم بنانا، پرامن آوازوں کو دبانا اور قانون کو سیاسی اختلاف کے خلاف استعمال کرنا نہ جمہوری اقدار سے مطابقت رکھتا ہے اور نہ ہی آئینی روح سے۔ پاکستان کسی فرد یا جماعت کی جاگیر نہیں، بلکہ عوام کی امانت ہے؛ اور اس امانت کا تقاضا ہے کہ ہر شہری کے حقوق، آزادی اور عزت کا تحفظ بلاامتیاز یقینی بنایا جائے۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی پوری فیملی، خصوصاً ان کی بہنوں کے ساتھ پنجاب حکومت کے دور میں جس ظلم، جبر اور سیاسی انتقام کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، وہ اس نام نہاد جمہوری نظام کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے۔ خواتین کی چادر و چار دیواری کی پامالی، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنانا تاریخ میں اس دور کے ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
یہ امر مزید افسوسناک ہے کہ ایک طرف صوبے کی سربراہی ایک خاتون کے پاس ہے اور دوسری طرف عدلیہ کی اعلیٰ ترین سطح پر بھی ایک خاتون موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس طرزِ عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے آمریت کے بدترین ادوار کو بھی شرمندہ کر دیا ہے۔
جب عوامی مینڈیٹ اور حقیقی جمہوری اختیار ختم ہو جائے تو اقتدار پر قابض لوگ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ظلم، جبر، گرفتاریوں اور ریاستی طاقت کا سہارا لیتے ہیں۔ لیکن تاریخ کا اصول واضح ہے،وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا۔ آج جو اختیار میں ہیں، کل انہیں بھی اپنے کیے کا حساب دینا پڑ سکتا ہے۔
عمران خان کی بہنوں اور خاندان کے ساتھ پنجاب حکومت اور اس کے سہولت کاروں کی جانب سے روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن خواتین کی تذلیل، چادر و چار دیواری کی پامالی اور بنیادی انسانی وقار کو پامال کرنا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔
مولا علی علیہ السلام کاقول ہے “حکومت کفر سے تو قائم رہ سکتی ہے، ظلم سے نہیں۔”
آج 27 ستمبر کا خوف اس مسلط نظام پر واضح طور پر طاری دکھائی دیتا ہے۔ پُرامن سیاسی جدوجہد کو طاقت، جبر اور ریاستی ہتھکنڈوں کے ذریعے روکنے کی کوششیں حالات کو مزید پیچیدہ کریں گی۔ کسی بھی معاشرے میں عوامی آواز کو دبانے سے مسائل ختم نہیں ہوتے بلکہ ردِعمل مزید شدید ہو سکتا ہے۔
مسلط حکمرانوں اور ان کے سہولت کاروں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اقتدار دائمی نہیں ہوتا۔ ظلم کی بنیاد پر کھڑی کی گئی دیواریں بظاہر مضبوط دکھائی دے سکتی ہیں، مگر تاریخ میں ایسے تمام اقتدار آخرکار اپنے اعمال کے سامنے جواب دہ ہوئے ہیں۔
یہ ملک کسی فرد، جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں،یہ کروڑوں عوام کا وطن ہے۔ عوام کے سیاسی حقوق، عزتِ نفس اور آزادیٔ اظہار کو کچل کر کوئی نظام دیرپا استحکام حاصل نہیں کر سکتا۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بہن کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے گرفتار کرکے 3 ایم پی او کے تحت تیس روز کے لیے جیل بھیجنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش ہے بلکہ اس نام نہاد حکومت کی بڑھتی ہوئی بوکھلاہٹ اور عوامی پرامن سیاسی جدوجہد سے خوف کی عکاسی کرتا ہے۔
فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی یہ رجیم عوام کے آئینی، جمہوری اور پرامن احتجاج سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ سیاسی کارکنوں اور مخالف آوازوں کو دبانے کے لیے گرفتاریوں اور ریاستی طاقت کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ لیکن جبر، گرفتاریوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے عوام کے سیاسی شعور اور حقِ اظہار کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
27 ستمبر کا پرامن احتجاج عوام کی پرامن سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے۔ اسے سوائے عمران خان کے کوئی نہیں روک سکتا۔ پرامن سیاسی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، کیونکہ عوام اپنے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کا حق رکھتے ہیں۔
حکومتِ پنجاب کے اس غیر آئینی، غیر انسانی اور قابلِ مذمت اقدام کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ اقدام اس امر کا ایک اور ثبوت ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا نظام عوامی حمایت اور پرامن سیاسی جدوجہد کے سامنے خود کو غیر محفوظ سمجھتا ہے۔ ایسے ہتھکنڈے عوام کے عزم کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط کریں گے، اور پرامن جمہوری جدوجہد اس جبر، ظلم اور ناانصافی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔