اسم الله ہر چیز کو پاک کرتا ہے۔ ہر دل کو پاک صاف کرتا ہے۔ اس میں سے بغض، کینہ، لالچ، حسد، شہوت، حرص، ہوس، جنونیت غرض ہر بیماری کا دھو ڈالتا ہے۔ شیطان کو بھگاتا ہے۔ اس لئے ہر کام کی پہل بسم الله سے کروائی جاتی ہے۔
اس پر غور کریں۔
شروع الله کے اسم سے۔
میں راستی
تو سب راستی
میرے من میں میل
تو سب دھندلا
سب میلا
میرا قلب آلودہ
تو سب طرف آلودگی
میرے قلب کا آئینہ صاف
تو سب صاف
اے الله کے بندے
خرابی تیرے اپنے اندر ہے۔
اسکو دور کر۔
باہر کیا دیکھتا ہے۔
سب فانی ہے۔ مگر اس کے سوا جس نے سب کو زندگی بخشی ہوئی ہے۔ اپنے آپکو اس ابدی کے نور سے جلائیں۔ کہ آپ بھی فنایت سے نجات پا کر بقاء ہو جائیں۔ اسکا نور ہی آب حیات ہے۔ جسکو چاہے پلائے۔ جسکو چاہے چھوڑ دے۔ اس قدرت مند بے نیاز رحمان رحیم کی رحمتوں عطاوں کا شکر کیسے ادا ہو؟
الله کا ذکر ابدی ہے۔ الله کے ذکر سے ہر شئے قائم ہے۔ الله اپنے ذکر کو ہٹا لے تو سب تہس نہس ہو جائے۔ ہر موجود شئے الله کا ذکر کر رہی ہے۔ وہی اسکی توانائی ہے۔
پیٹ کی بھوک ختم کرنا جسمانی ضرورت ہے۔ مختلف النوع کھانوں سے پیٹ کو بھرنا نفسانی خواہش ہے۔ بھوک مٹانے کے لیے کھانا ضرورت ہے۔ بغیر بھوک کے کھانا اسراف ہے۔ نفس کی پیروی ہے۔ اور نفس بلا شبہ کھلا دشمن ہے۔ اور ہمہ وقت انسان کی ہلاکت کے در پہ ہے۔ الله مجھے نفس کے چنگل سے آزادی دے۔
دھڑکن کو محسوس کریں۔ جب دھڑکن محسوس ہو جائے، اس پر الله الله الله کریں۔ اور پھر اس دھڑکن کو الله الله کرتا سنیں۔ الله الله کرتا قلب ہی زندہ اور ہدایت پر ہے۔