وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے قطر میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول قطر (PISQ) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پرنسپل چوہدری محمد افضل، مختلف ونگز کے وائس پرنسپلز اور اسکول انتظامیہ سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے اسکول کے شاندار تعلیمی نتائج اور شام کی شفٹ کے ذریعے مزید پاکستانی طلبہ کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ اسکول میں 6 ہزار سے زائد پاکستانی بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ ملاقات میں طلبہ کی یونیورسٹیوں میں داخلہ رہنمائی، کیریئر کونسلنگ، غیر نصابی سرگرمیوں اور اسکول کو درپیش ضروریات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اسکول انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے قطر میں PISQ کے طرزِ انتظام پر ایک مزید پاکستانی اسکول کے قیام کے امکانات پر بھی غور کیا، جس میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سمٹ پاکستان 2026 میں شرکت کی اور تق��یب سے خطاب کیا۔ سمٹ میں طبی و تعلیمی شعبے کی اہم شخصیات، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، محققین، نوجوان ڈاکٹرز اور نرسز نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ صحت، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت معیاری تعلیم، جدید تربیت اور ہنرمند انسانی وسائل کی تیاری کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، نجی شعبے، صنعت اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دے کر صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون، خصوصاً پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے بیلاروس میں روزگار کے مواقع اور براہِ راست روزگار کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلۂ خیا�� کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا، جو پاکستانی ورکرز کے لیے براہِ راست روزگار کے عمل کو آسان بنانے، ضروری امور اور قانونی تقاضوں کو حل کرنے، روزگار کے عمل کو تیز کرنے، یورپ میں غیر قانونی داخلہ کی روک تھام اور غیر قانونی ذرائع سے بیلاروس جانے کے رجحان کی روک تھام میں معاونت کرے گا، تاکہ پاکستانی ورکرز قانونی طریقے سے بیلاروس جا کر وہیں روزگار حاصل کر سکیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت موجود ہے، جسے عالمی روزگار کی منڈیوں تک بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ پاکستانی ورکرز کے حقوق اور فلاح و بہبود کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے سیسارک کی ڈائریکٹر جنرل اور ترکیہ کی سابق وزیر برائے محنت و سماجی خدمات زہرہ زمرد سلجوق اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی۔
ملاقات میں او آئی سی کے پلیٹ فارم سے قانونی ہجرت، لیبر موبیلٹی اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسلم ممالک کے مشترکہ پلیٹ فارم کو ��انونی ہجرت کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے، جس سے پاکستانی ہنرمندوں کے لیے ترکیہ کے صنعتی، تعمیراتی اور صحت کے شعبوں میں باعزت روزگار کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
سیسارک کی ڈائریکٹر جنرل زہرہ زمرد سلجوق نے محفوظ اور قانونی لیبر موبیلٹی کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے بتایا کہ رواں سال مختلف شعبوں میں 8 ہزار پاکستانی روزگار کے لیے ترکیہ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ کے ڈپٹی وزیرِ محنت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے دوستانہ تعلقات، تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے فلسطین کے حوالے سے ناروے کے اصولی مؤقف اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کو سراہا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ ہنرمن�� افرادی قوت، روزگار اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے، جبکہ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار اور پاکستانی کمیونٹی کی مثبت خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان مسلم لیگ اسلام آباد ہاؤس میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ آزادی کے شہداء و رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں، کارکنان اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی ترقی، استحکام اور خودمختاری کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کو خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے جس کا مقصد کسی ملک کے خلاف جارحیت نہیں بلکہ تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی اور مؤثر دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کی عسکری صلاحیت، سعودی عرب کی علاقائی اہمیت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی تینوں ممالک کو ایک مضبوط شراکت دار بناتی ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلصانہ قیادت، واضح حکمتِ عملی اور ذمہ دارانہ فیصلوں نے پاکستان کو خطے میں امن، استحکام اور سفارتی تعاون کے لیے ایک مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا یہ تعاون خطے میں امن، باہمی اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر الوداعی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے سفیر خضر فرہادوف کی پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستانی برادری کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے سفیر خضر فرہادوف کی کامیاب سفارتی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی، باہمی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ڈیلٹا انٹرنیشنل ریکروٹمنٹ ایجنسی کے نو تعمیر شدہ “ڈیلٹا گلوبل موبلٹی سینٹر” کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان بطور مہمان خصوصی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اس سینٹر کا مقصد پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں بین الاقوامی سطح پر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور دیگر وزراء شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے 10 مئی کو معرکۂ حق بھرپور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور افواجِ پاکستان کی بہادری سے دشمن کو جو سبق ملا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اب 28 مئی کا تاریخی دن قریب ہے، جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ ہمارا ایٹمی پروگرام صرف دفاع کے لیے ہے اور دنیا ہمیں ایک ذمہ دار ایٹمی قوت مانتی ہے۔ آج ہم ان تمام شخصیات کو دل سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا حصہ ڈالا۔