بسم اللہ الرحمن الرحیم
قال اللہ عز وجل:
مَا نَنسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نُنسِهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِّنْهَا أَوْ مِثْلِهَا ۗأَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
ہم جب کسی آیت کو ہٹاتے یا انساء (منسوخ)کرتے ہیں تو اس کی جگہ اس سے بہتر یا اسی جیسی آیت لے آتے ہیں، کیا تم نہیں جانتے کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
آج جب کہ دشمنانِ انسانیت و دشمنانِ اسلام و انقلاب نے اپنے ظالمانہ و جنایت کارانہ حملے کے ذریعے رہبرِ فرزانہ، اسوۂ مقاومت و استقامت، قائدِ حکیم و دانا، امامِ عظمت و سربلندیِ اسلام حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای (قدس سرہ) کو اپنے اعضاءِ خانوادہ اور عسکری کمانڈرز کے ہمراہ شہید کر کے اپنے زعمِ باطل میں یہ گمان کیا ہے کہ شجرۂ طیبۂ انقلاب اور نظامِ مقدسِ جمہوری اسلامی کو ختم کر دیا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ملتِ ایران اور مجاہدینِ اسلام کو تمام شیاطین کے مقابلے کی طاقت، ہمت اور مدد و نصرت عطا فرمائی ہے اور میدانِ جنگ میں صیہونی، امریکی اور ارتجاعی عربی لشکرِ ابرہہ کو شکست دی ہے، ساتھ ہی علمائے مجاہد، اعضاءِ خبرگانِ رہبری کو توفیق، بصیرت، شجاعت اور قوتِ فیصلہ عطا فرمائی ہے، اور آج شبِ مقدس لیلۃ القدر و شبِ ضربتِ امیر المؤمنین (علیہ السلام) ملتِ ایران، انقلابِ اسلامی اور مجاہدینِ مقاومت و اسلام و تشیع پر اپنا لطفِ عظیم نازل فرمایا اور رہبرِ شہید کے عالم، مجاہد، بافراست و بصیرت، شجاع و دلیر، مجتہد و صاحبِ رائے فرزندِ ارجمند حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (دام ظلہ) کو جانشینِ رہبرِ فقید و شہید اور ولی امرِ مسلمین و رہبر و قائد کے طور پر انتخاب کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر گزار ہیں:
الْيَوْمَ يَئِسَ الَّذِينَ كَفَرُوا مِن دِينِكُمْ فَلَا تَخْشَوْهُمْ وَاخْشَوْنِ ۚالْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا
آج کافروں کو تمہارے دین کی طرف سے پوری مایوسی ہو چکی ہے، لہٰذا تم ان سے نہ ڈرو بلکہ مجھ سے ڈرو۔ آج میں نے تمہارے دین کو تمہارے لیے مکمل کر دیا ہے اور اپنی نعمت تم پر تمام کر دی ہے اور تمہارے لیے اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے پسند کر لیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بہ دعا ہیں کہ رہبرِ منتخب حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی حفاظت فرما، اس بحرانی زمانے اور جنگ کے دوران ان کی نصرت فرما، جاری معرکۂ نبرد میں انہیں کامیابی عطا فرما، ان کے دشمنوں کو نیست و نابود فرما، رہبرِ برگزیدہ کو اپنی مدد، نصرت، حکمت، شجاعت اور فراستِ کامل عطا فرما۔
شبِ ضربتِ امیر المؤمنین مولا علی (علیہ السلام) میں رہبرِ شہید سید علی خامنہ ای کا جسدِ اطہر ابھی دفن نہیں ہوا۔
امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کی امامت کی طرح سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت کا آغاز جنگ، فتنوں اور بحرانوں کے درمیان ہوا ہے۔
اے ربِ کریم،
امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کے ساتھ کوفیوں نے بے وفائی اور شامیوں نے دشمنی کی، سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ ملتِ ایران، مجاہدینِ اسلام اور علمائے کرام کو وفا کرنے کی توفیق عطا فرما۔
ہم رہبرِ شہید کی شہادت پر ملتِ ایران اور مجاہدینِ اسلام کو تسلیت اور رہبرِ جدید کے انتخاب پر تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں۔
امامِ راحل امام خمینی (رحمتہ اللہ علیہ)، امامِ شہید امام خامنہ ای (رحمتہ اللہ علیہ) کی طرح رہبرِ مسلمین، ولی امرِ مسلمین حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی قیادت پر تمام مسلمین و مؤمنین کو تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں، ملتِ فلسطین، ملتِ لبنان و ملتِ مظلومِ عالم کی حمایت میں رہبرِ مسلمین پر اعتماد و حمایت کا عہد کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں عہد و وفا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
#Khamenei