سندھ کے شہری مراکز میں سندھیوں کا بدلتا ہوا آبادیاتی تناسب: تاریخ، محرومی اور مزاحمت کی داستان
تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ 1941 میں کراچی کی 61.2٪ آبادی سندھی بولتی تھی، مگر 1951 میں یہ تناسب صرف 8.6٪ رہ گیا۔ 1951 میں حیدرآباد کے 66٪، سکھر کے 54٪ اور میرپورخاص کے 68٪ باشندے مہاجر شمار ہوئے۔ یہ تبدیلی تقسیمِ ہند کے بعد بڑے پیمانے پر ہجرت اور ریاستی پالیسیوں کا نتیجہ تھی۔
1948 میں کراچی کو سندھ سے الگ کرکے وفاقی دارالحکومت بنایا گیا، جبکہ اردو کو قومی زبان کی حیثیت دینے اور سرکاری و تعلیمی اداروں میں اس کی بالادستی نے سندھی زبان اور مقامی آبادی کے لیے مشکلات پیدا کیں۔ ون یونٹ نے 1955 میں سندھ کی الگ صوبائی حیثیت بھی ختم کر دی۔
پھر سندھیوں نے سیاسی، جمہوری اور آئینی جدوجہد کی۔ 1970 میں ون یونٹ ختم ہوا، 1972 میں سندھ اسمبلی نے سندھی زبان کے فروغ کا قانون منظور کیا اور سرکاری ملازمتوں و تعلیمی اداروں میں مقامی آبادی کی نمائندگی بڑھانے کی کوشش ہوئی۔
کراچی میں سندھی بولنے والوں کا تناسب 1981 میں 6.29٪ تھا، جو 2017 میں بڑھ کر 10.67٪ ہوا۔ یہ اضافہ سندھ کے باقی اضلاع سے کراچی کی طرف نقل مکانی اور دیگر آبادیاتی تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
تاریخ کا سبق واضح ہے: سندھ کی شناخت، زبان اور سیاسی حقوق کو نظرانداز کرکے کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکتا۔ نئے صوبوں کا فیصلہ بھی اشتعال، یکطرفہ اقدامات یا مصنوعی مینڈیٹ سے نہیں ہو سکتا.