مسندیں یوں بھی ہمیں راس کہاں آتی ہیں
جس نے بھی دل سے اُتارا ہے اُتارے رکّھے
پھر اُنہیں لاکھ بھی چاہا تو نہیں چاہا گیا
دل سے جو لوگ اُتارے تھے اتارے رکّھے
ظہیر مشتاق
اگر تو میری نہیں ہے تو پھر کسی کی نہیں
اسے یہ پہلے بتایا ہے، پھر محبت کی
میں چاہتا تھا کہ چاہوں جسے وہ مل جائے
سو پہلے پیسہ کمایا ہے، پھر محبت کی
مصطفی کمال
تمہارے ہوتے ہوئے غیر کا دلاسہ ہے
تمھیں پتہ ہے یہ کتنا بڑا طمانچہ ہے؟
تمام شہر مسیحا ہے اور تاک میں ہے
مگر یہ زخم مرا آخری اثاثہ ہے
وہ کتنا خوش ہے بچھڑتے ہوئے میں جانتا ہوں
یہ جھوٹ موٹ کا رونا فقط تماشہ ہے
حسیب الحسن
میرے ماتھے پہ ہے ، دو طرفہ سیاہی کی لکیر
کتنا ملتا ہے مرے بخت سے چہرہ میرا
کس طرح صبر کروں پھل کے جواں ہونے تک
پیڑ دے دے نا کسی اور کو حصہ میرا
طاق راتوں میں جبیں ٹیک کے مانگا ہے اسے
"میرے موسیؑ کے خدا دیجئے حصہ میرا"
فیضان احمد فیض