صحافت کاجنازہ ہے …اُٹھانے والا کوئی نہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
22،ستمبر2023ء
آج ایک اور انتہائی افسوسناک خبر سننے اور پڑھنے کو ملی کہ ایک انتہائی سینئر صحافی خالد جمیل کو نہ صرف یہ کہ ایف آئی اے نے گرفتارکیا بلکہ اُس محترم صحافی کی تصویر عادی مجرموں کی طرح، چارج شیٹ ان کے ہاتھوں میں پکڑواکر جاری بھی کی گئی ۔مگرطرفہ تماشہ یہ ہے کہ ملک میں موجود تمام کی تمام بڑی صحافتی انجمنوں نے اس پر کوئی مؤثر احتجاجی بیان تک جاری نہ کیااور لگتا ہے کہ آمرانہ طرز حکومت کی وجہ سے ملک میں ''قحط الصحافی'' کے دورکاآغاز ہوچکا ہے ۔
ہرتحقیقی (Investigative) صحافی جو اپنی انتھک محنت سے تیارکردہ یا جمع کردہ حقائق کو عوام کے سامنے لاتا ہے تو ملک کے ظالم وسفاک ادار ے، حقائق سامنے لانے والے صحافی پر ملک دشمنی کا الزام لگانے میں ذرّہ برابر بھی تاخیر نہیں کرتے ۔ حتیٰ کہ حکومتی اداروں کی غلط حرکات اور اُن کی جانب سے غیرآئینی وغیرقانونی کاموں پر تنقید کرنے والے کو بھی ملک دشمن قرار دیکر یا تو گرفتارکرلیا جاتا ہے یا پھر اس کے ساتھ انتہائی شرمناک وسفاکانہ سلوک بھی کیاجاتا ہے ۔ بسااوقات صحافیوں کو جبری لاپتہ تک کردیا جاتا ہے ۔ اِن تمام مظالم کی حقیقت سامنے آنے اور جاننے کے باوجود کیا لاکھوں صحافیوں کی خاموشی کو مجرمانہ عمل یعنی مجرمانہ خاموشی قرارنہیں دیا جائے گا؟
جن میڈیا ہاؤسز نے سینئر صحافی خالد جمیل کی گرفتاری اور اُن کے ساتھ ہونے والے ظالمانہ سلوک کی خبرتک نشر نہ کی تو وہاں کام کرنے والے اینکرپرسنز اوردیگر صحافیوں کے ضمیرنے وہاں بیٹھنا کیسے گوارا کرلیا؟انہوں نے میڈیا ہاؤسز کی اِس مجرمانہ بے حسی کے خلاف اپنے اپنے اداروں کابائیکاٹ کیوں نہیں کیا؟
کسی صحافی کی گرفتاری اور اس پر صحافیوں کی اکثریت کی خاموشی کاعمل دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے گرفتارہونے والا ہی صحافی تھا باقی صحافی ہی نہیں ہیں۔
''دور ِ قحط الصحافت ہے …انجام ِگلستاں کیا ہوگا''
میں نگراں حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ خالد جمیل کو فی الفور رہا کرے اور صحافیوں کی عزت، احترام اور قلم کی حُرمت کاپاس رکھنے کے اقدامات کرے۔
میری نظر میں صحافیوں کی مسلسل گرفتاریوں اور اُن کے ساتھ انتہائی شرمناک مظالم پر صحافتی انجمنوں کی خاموشی کےعمل سے ایسا لگتا ہے کہ ملک میں صحافتی انجمنیں تو موجودہیں مگر وہاں پر صحافی غائب ہیں ، اس پر یہ کہنابےجا نہ ہوگا کہ
''صحافت کا جنازہ ہے …اُٹھانے والا کوئی نہیں
#KhalidJamil