صغیرہ کا تعلق ایک جیب تراش خاندان سے تھا۔ اس کی دادی بھی بسوں میں اپنے شٹل کاک برقعے کی ٹوپی میں بنی جیبوں میں خواتین کے پرس سے نکالے ہوئے پیسے چھپا لیتی تھی۔ اگر کبھی کوئی عورت شور مچاتی اور کنڈیکٹر اور ڈرائیور اس کی تلاشی لیتے تو اس کے تھیلے سے کچھ نہ برآمد ہوتا۔ جب دادی بوڑھی ہو گئی اور اس کا ہاتھ کانپنے لگا تو اس نے گھروں میں برتن دھونے کی نوکری کر لی، مگر پھر بھی وہ کبھی کبھی ہاتھ کی صفائی دکھا جاتی تھی۔ ماں بھی، جو بہت گھیر دار شلوار پہنتی تھی، اس نے بیلٹ کے پاس زپ کے ساتھ ایک جیب لگائی ہوئی تھی۔ اس میں وہ عورتوں کے پرس میں رکھے چھوٹے موٹے زیور اور پیسے چرا کر رکھ لیتی تھی۔ بچپن میں صغیرہ کا خیال تھا کہ اس کا باپ پرچون کی دکان سے ان کے گھر کا خرچ چلاتا ہے۔
جب وہ ذرا بڑی ہوئی اور دادی نے اس کی جیب کاٹنے کی تربیت شروع کی تو پتا چلا کہ اس کے خاندان کا اصل دھندا کیا ہے۔ اس کی انگلیاں لمبی تھیں جو جیب تراشی کے لیے آئیڈیل تھیں۔ چھوٹی عمر میں وہ اپنے ہاتھوں سے پیسے نکال لیا کرتی تھی اور اس کو ایک کھیل سمجھتی تھی۔ ایک دفعہ یہ کھیل اس نے اپنی ایک سہیلی کو بھی سکھایا۔ اس لڑکی کے ماں باپ کو جب اس بات کا پتا چلا تو انہوں نے بیٹی کو سخت تنبیہ کی کہ وہ صغیرہ سے دوستی چھوڑ دے اور اس کی ماں سے بھی خوب جھگڑا کیا۔ ماں اور دادی نے صغیرہ کو بہت ڈانٹا کہ وہ آئندہ کسی کو یہ کھیل نہیں سکھائے گی۔ اس کی چھوٹی بہن کے ہاتھ بھدے اور انگلیاں موٹی تھیں۔ وہ کئی دفعہ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی اور لوگوں سے مار کھا کر روتی ہوئی واپس گھر آگئی۔ ماں نے اس کو اس بات پر مزید مارا کہ وہ پکڑی کیوں گئی؟
اپنی مخروطی انگلیوں اور پتلے پتلے ہاتھوں کی وجہ سے صغیرہ اپنے فن میں مشاق تھی۔ صغیرہ کو پڑھنے کا شوق تھا تو اس کے والدین نے کالج میں پڑھنے کی اجازت اس شرط پر دی کہ شروع ماہ میں، جب کالج میں فیس جمع کرانے کا وقت ہوتا ہے، تو وہ لڑکیوں کے بیگ سے فیس کی رقم چرا لیا کرے گی۔ بس اور ویگن میں کالج کے یونیفارم میں ہونے کی وجہ سے کوئی اس پر شک نہیں کرتا تھا اور کالج کی کینٹین میں اپنی سہیلیوں کو کھلانے پلانے کی وجہ سے لڑکیاں اسے امیر گھرانے کی فرد سمجھتی تھیں۔ کالج کے زمانے میں ایک بار اس نے ایک ایسی لڑکی کی کتابوں سے پیسے اڑائے جو آخری تاریخ کو فیس جمع کرانے آئی تھی۔ اس لڑکی نے رو رو کر برا حال کر لیا کہ اس کی غریب ماں نے راتوں کو سلائیاں کر کے یہ رقم جمع کی تھی۔ صغیرہ کو اس پر ترس آگیا۔ وہ اس کو تھوڑی دیر انتظار کرنے کا کہہ کر قریبی بینک چلی گئی اور نوٹ بدلوا کر لے آئی۔ یہ رقم اسے فیس ادا کرنے کے لیے دے دی جبکہ یہ اسی غریب لڑکی کی اپنی رقم تھی۔ کلاس کی لڑکیوں نے اسے تحسین کی نظر سے دیکھا اور تعریف کرنے لگیں کہ اس نے ایک غریب لڑکی کی مدد کی۔ جب یہ بات اس نے ڈرتے ڈرتے ماں کو بتائی تو گھر میں طوفان آگیا۔ ماں نے اسے خوب مارا کہ اگر ہم ایسے ہی ترس کھا کر کمائی ہوئی رقم واپس لوٹاتے رہے تو پھر کھائیں گے کہاں سے؟
گھر والوں نے یہ کہہ کر اسے کالج سے اٹھا لیا کہ وہ شریف لڑکیوں کے ساتھ رہ کر بگڑتی جا رہی ہے۔ اب اسے اتوار بازار میں ٹوکری دے کر بھیج دیا جاتا تاکہ وہ وہاں آنے والی عورتوں کے بٹوے چرائے۔ صغیرہ کا بھائی اپنے فن کا زبردست ماہر تھا۔ اس کا (باپ کا) کہنا تھا کہ میرا بیٹا تو آنکھوں سے کاجل کو ایسے چرا لے کہ آنکھوں والے کو پتا نہ چلے۔ اپنی شادی کے دن نکاح کے بعد جب لوگ دولہا کو مبارکباد دینے آئے تو اس نے کئی لوگوں کے بٹوے اڑا لیے تھے اور اس طرح اپنے ولیمے کا خرچ نکال لیا۔ صغیرہ کا گھرانہ خاندانی جیب کترا تھا۔ اس کے باپ کی پرچون کی دکان تھی جو چلتی نہ تھی۔ گھر میں آئے دن فاقوں کی وجہ سے پریشانی ہوتی تھی، تبھی اس کے باپ کے ایک دوست نے، جو جیب کترا تھا، اس کو یہ فن سکھا دیا۔ اس نے یہ فن اپنی ماں، بیوی اور بچوں میں منتقل کر دیا۔..1/2