🚨 وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی اور حافظ انس حسین رضوی کی مبینہ جبری گمشدگی سے متعلق رٹ پٹیشن نمبر 6661/2026 پر لاہور ہائیکورٹ میں باضابطہ رپورٹ جمع کروا دی ہے۔ 🚨
رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ نے عدالتی احکامات کی روشنی میں اپنے زیرِ انتظام کام کرنے والے ان اداروں سے معلومات طلب کیں جو گرفتاری یا حراست میں لینے کے اختیارات رکھتے ہیں۔ ان میں ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب) لاہور، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد شامل ہیں۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے سیکشن آفیسر (لٹیگیشن) رب نواز خان کے دستخط سے 20 نومبر 2026 کو جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کر کے رائے اور کمنٹس طلب کیے گئے تھے۔ جواب میں پنجاب رینجرز، ایف آئی اے، این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کے دونوں صاحبزادوں، حافظ سعد حسین رضوی اور حافظ انس حسین رضوی کو نہ تو ان اداروں نے گرفتار یا حراست میں لیا اور نہ ہی کسی دیگر ایجنسی کے حوالے کیا گیا۔
دوسری جانب، درخواست گزار ثروت فاطمہ کی جانب سے دائر بازیابی کی درخواست پر عدالت نے تاحال وزارتِ دفاع یا انٹیلیجنس ایجنسیز سے کوئی جواب طلب نہیں کیا، جبکہ حافظ سعد حسین رضوی اور حافظ انس حسین رضوی 409 دن سے جبری گمشدگی کا شکار بتائے جا رہے ہیں۔ بازیابی سے متعلق اس کیس کی آئندہ سماعت کل 27 نومبر بروز جمعہ لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔