بیکن نے ہمیں ان الفاظ میں متنبہ کیا ہے: پہلے ذہنی خوبیاں حاصل کرو' باقی چیزیں یا تو مل جائیں گی یا ان کی کمی کا احساس بھی نہ ہو گا۔ صداقت ہمیں دولت مند تو نہیں بنائے گی لیکن آزادی ضرور عطا کر دے گی!
امر ہونا، عقوبتیں جھیلنے یا دار و رسن کی منزل سے گزرنے کا نام ہے۔ سوشل میڈیا کی فصیلوں کے پیچھے بیٹھ کر جو لوگ لافانی بننے کا خواب دیکھتے ہیں، وہ تاریخ کے بے رحم سچ سے ناواقف ہیں۔ ایسے لوگ تماشائی تو ہو سکتے ہیں، تاریخ ساز نہیں اور ان کا سفر اسی مجازی دائرے میں دم توڑ جائے گا۔
قربانی، مزاحمت کا پہلا اور آخری تقاضا ہے۔ جب انسان وقت کی ظالم اشرافیہ، بربریت اور جبر کی قائم کردہ نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کرتا ہے، تو وہ جانتا ہے کہ حریف بے پناہ طاقتور ہے۔ مزاحمت کوئی مصالحت نہیں، یہ ایک براہ راست معرکہ ہے جہاں زندگی اور موت کا جوا کھیلا جاتا ہے۔ +