اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں سپیشل سیکرٹری پولیٹیکل فنانس نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی جانب سے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب موصول ہو چکا ہے، جس پر بلال قادری کے دستخط موجود ہیں اور انہیں پارٹی کا مستقل الیکشن کمشنر ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ دسمبر 2025 میں پارٹی عہدیداروں کی مدت ختم ہو چکی تھی، جبکہ تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دفاتر سیل ہونے کے باعث متعدد کوششوں کے باوجود انٹرا پارٹی انتخابات منعقد نہیں ہو سکے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ٹی ایل پی کے وکیل کے وکالت نامے اور نمائندگی کے اختیار پر سوال اٹ��اتے ہوئے کہا کہ فی الحال انہیں بطور وکیل نہیں سنا جا رہا اور اگر اختیار ثابت نہ ہوا تو حکم میں انہیں غیر متعلقہ شخص قرار دیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے یاد دلایا کہ گزشتہ سماعت میں ��وکل پرسن عامر شہزاد کا حقِ دعویٰ مسترد کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وکیل نے بتایا کہ وہ چیئرمین الیکشن اتھارٹی بلال قادری کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے امیر سے ان کا رابطہ نہیں ہے، اگرچہ امیر موجود ہیں۔
ٹی ایل پی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین الیکشن اتھارٹی بلال قادری کو اکتوبر 2025 میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور جون 2026 میں ضمانت پر رہائی کے بعد انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی انتخابات کرانے کے لیے توسیع کی درخواست مسترد کر چکا تھا، کیا اس فیصلے کو کسی عدالتی فورم پر چیلنج کیا گیا تھا، ا��ر کیا انتخابات سے 15 روز قبل الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا تھا؟ وکیل نے جواب دیا کہ کمیشن کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر مکمل انصاف کیا جائے اور انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم کیا جائے۔ سماعت مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تحریک لبیک پاکستان کا انتخابی نشان برقرار رہے گا یا نہیں؟ اہم پیش رفت سامنے آگئی، الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن 8 جولائی کو ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے 17 جون کو تین مختلف معاملات پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جن میں ٹی ایل پی کے فوکل پرسن راجہ عامر کے حقِ دعویٰ، جماعت کو مزید وقت دینے اور انتخابی نشان کی معطلی سے متعلق امور شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے راجہ عامر کے حقِ دعویٰ پر اعتراض بھی عائد کیا تھا۔ تحریک لبیک پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہونا تھے، تاہم فوکل پرسن راجہ عامر نے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک سال کی مہلت دینے کی درخواست کر رکھی ہے،راجہ عامر نے کہا تھا مریدکے آپریشن کے بعد سے پوری ٹی ایل پی قیادت سے رابطہ نہیں ہورہا اس لئے الیکشنز نہیں ہوسکے تھے