تیرے نا ہونے کا ملال ایک طرف
تو میرا کیوں نا ہوا یہ سوال ایک طرف
یقین مان میں خوش ہوں مگر جب تو سنگ تھا
وہ پل وہ دن وہ مہینہ وہ سال ایک طرف
ہزار شکوے شکایت ہیں مجھے تجھ سے
مگر وہ کچھ دنوں کی تیری دیکھ بھال ایک طرف
@faqar78
حامی بھی نہ تھے منکرِ غالب بھی نہیں تھے
ہم اہلِ تذبذب کسی جانب بھی نہیں تھے
اس بار بھی دنیا نے ہدف ہم کو بنایا
اس بار تو ہم شہ کے مصاحب بھی نہیں تھے
بیچ آئے سرِ قریۂ زر جوہرِ پندار
جو دام ملے ایسے مناسب بھی نہیں تھے
مٹی کی محبت میں ہم آشفتہ سروں نے
وہ قرض اُتارے ہیں جو واجب بھی نہیں تھے
لو دیتی ہوئی رات سخن کرتا ہوا دن
سب اس کےلئے جس سے مخاطب بھی نہیں تھے
افتخار عارف
داغ دہلوی کی بہت ہی عمدہ غزل
عجب اپنا حال ہوتا جو وصال یار ہوتا
کبھی جان صدقے ہوتی کبھی دل نثار ہوتا
کوئی فتنہ تا قیامت نہ پھر آشکار ہوتا
ترے دل پہ کاش ظالم مجھے اختیار ہوتا
جو تمہاری طرح تم سے کوئی جھوٹے وعدے کرتا
تمہیں منصفی سے کہہ دو تمہیں اعتبار ہوتا
غم عشق میں مزا تھا جو اسے سمجھ کے کھاتے
یہ وہ زہر ہے کہ آخر مے خوش گوار ہوتا
یہ مزہ تھا دل لگی کا کہ برابر آگ لگتی
نہ تجھے قرار ہوتا نہ مجھے قرار ہوتا
نہ مزا ہے دشمنی میں نہ ہے لطف دوستی میں
کوئی غیر غیر ہوتا کوئی یار یار ہوتا
ترے وعدے پر ستم گر ابھی اور صبر کرتے
اگر اپنی زندگی کا ہمیں اعتبار ہوتا
یہ وہ درد دل نہیں ہے کہ ہو چارہ ساز کوئی
اگر ایک بار مٹتا تو ہزار بار ہوتا
گئے ہوش تیرے زاہد جو وہ چشم مست دیکھی
مجھے کیا الٹ نہ دیتے جو نہ بادہ خوار ہوتا
مجھے مانتے سب ایسا کہ عدو بھی سجدے کرتے
در یار کعبہ بنتا جو مرا مزار ہوتا
تمہیں ناز ہو نہ کیونکر کہ لیا ہے داغؔ کا دل
یہ رقم نہ ہاتھ لگتی نہ یہ افتخار ہوتا
قسم لے لو
تمہارے بعد کوئی خواب دیکھا ہو
کسی کو ہم نے چاہا ہو
کسی کو ہم نے سوچا ہو
کسی کی آرزو کی ہو
کسی کی جستجو کی ہو
کسی سے گفتگو کی ہو
کسی کا قُرب مانگا ہو
کسی بھی موڑ پر ہم نے کبھی رُک کر بھی دیکھا ہو
کسی بھی شخص کو ہم نے کبھی تھک کر پُکارا ہو
کوئی بھی شام پھر ہم نے کبھی ہنس کر بِتائی ہو
تمہارے بعد پھر ہم نے خوشی کوئی منائی ہو
کبھی جگنو کبھی تارا کبھی مہتاب دیکھا ��و
قسم لے لو
تمہارے بعد کوئی خواب دیکھا ہو
قسم لے لو
تمہارے بعد پھر ٹیرس پہ آئے ہوں
کسی کی راہ دیکھی ہو
کسی کا ہجر جھیلا ہو
کسی سے دل لگی کی ہو
کسی پہ شاعری کی ہو
قسم لے لو
تمہارے بعد ہم نے زندگی کی ہو
کسی بھی طور سے ہم نے نیا کوئی باب دیکھا ہو
قسم لے لو تمہارے بعد کوئی خواب دیکھا ہو
قسم لے لو
تمہارے بعد کوئی خواب دیکھا ہو.....
میثم علی آغا
زندگی کیوں نہ تجھے وجد میں لاؤں واپس
چاک پر کوزہ رکھوں، خاک بناؤں واپس
دل میں اک غیر مناسب سی تمنا جاگی
تجھ کو ناراض کروں ، روز مناؤں واپس
وہ مرا نام نہ لے صرف پکارے تو سہی
کچھ بہانہ تو ملے دوڑ کے آؤں واپس
وقت کا ہاتھ پکڑنے کی شرارت کر کے
اپنے ماضی کی طرف بھاگتا جاؤں واپس
دیکھ میں گردشِ ایام اٹھا لایا ہوں
اب بتا، کون سے لمحے کو بلاؤں واپس؟
یہ زمیں گھومتی رہتی ہے فقط ایک ہی سمت
تُو جو کہہ دے تو اسے آج گھماؤں واپس
تھا ترا حکم سو جنت سے زمیں پر آیا
ہو چکا تیرا تماشا، تو میں جاؤں واپس
نذر حسین ناز
ق��لَ النبی ﷺ:
بدگمانی سے بچو، بدگمانی بہت زیادہ جھوٹی بات ہے،
کسی میں عیب تلاش نہ کرو،
کسی کی جاسوسی نہ کرو،
(دولت، نمائش میں) مقابلہ بازی نہ کرو،
باہم حسد نہ کرو،
بغض (نفرت) نہ رکھو،
ایک دوسرے سے منہ نہ پھیرو، اور
الله کے ایسے بندے بن جاؤ جو آپس میں بھائی بھائی ہیں.
مسلم 6536
کس طرف کو چلتی ہے اب ہوا، نہیں معلوم
ہاتھ اٹھا لیے سب نے اور دعا نہیں معلوم
موسموں کے چہروں سے زردیاں نہیں جاتیں
پھول کیوں نہیں لگتے خوشنما، نہیں معلوم
رہبروں کے تیور بھی، رہزنوں سے لگتے ہیں
کب کہاں پہ لٹ جاۓ قافلہ نہیں معلوم
- احمد فراز
عشق جب زمزمہ پیرا ہوگا
حسن خود محوِ تماشا ہوگا
سُن کے آوازۂ زنجیرِ صبا
قفسِ غنچہ کا در وا ہوگا
جرسِ شوق اگر ساتھ رہی
ہر نفس شہپرِ عنقا ہوگا
دائم آباد رہے گی دنیا
ہم نہ ہوں گے کوئی ہم سا ہوگا
کون دیکھے گا طلوعِ خورشید
ذرّہ جب دیدۂ بینا ہوگا
ہم تجھے بھول کے خوش بیٹھے ہیں
ہم سا بے درد کوئی کیا ہوگا
پھر سلگنے لگا صحراۓ حیات
ابر گھِر کر کہیں برسا ہوگا
پھر کسی دھیان کے صد راہے ہر
دلِ حیرت زدہ تنہا ہوگا
پھر کسی صبحِ طرب کا جادو
پردۂ شب سے ہویدا ہوگا
گل زمینوں کے خُنُک رمنوں میں
جشنِ رامش گری برپا ہوگا
پھر نئ رُت کا اشارہ پا کر
وہ سمن بو چمن آرا ہوگا
گُلِ شب تاب کی خوشبو لے کر
ابلقِ صبح روانہ ہوگا
پھر سرِ شاخِ شعاعِ خورشید
نکہتِ گُل کا بسیرا ہوگا
اک صدا سنگ میں تڑپی ہوگی
اک شرر پھول میں لرزا ہوگا
دیکھ کر آئینۂ آبِ رواں
پتّہ پتّہ لبِ گویا ہوگا
شام سے سوچ رہا ہوں ناصر
چاند کس شہر میں اترا ہوگا
― ناصر کاظمی
رسول الله ﷺ نے فرمایا:
مؤمن شخص:
(1) نہ طعنہ دینے والا ہوتا ہے،
(2) نہ لعنت کرنے والا ہوتا ہے،
(3) نہ فحش گو (بیہودہ باتیں کرنے والا) ہوتا ہے، اور
(4) نہ بد زبانی (زبان درازی) کرنے والا ہوتا ہے.
ترمذی 1977
(مسند ��حمد 3839، 3948؛ ترمذی 2019؛ حبان 192؛ مشکوٰۃ 4847)
ہزار تسلیاں اور دلاسے وہ کام نہیں کر سکتے جو قرآن کریم کی ایک آیت کر دیتی ہے
"لَا تَخَافَآ اِنَّنِىۡ مَعَكُمَاۤ اَسۡمَعُ وَاَرٰى"
ڈرو نہی�� بیشک میں تمہارے ساتھ ہوں میں سن رہا ہوں اور دیکھ بھی رہا ہوں۔
القرآن:سو��ۃ طٰہ:46
ہمیں قبیلے سے کچھ مختلف بنایا گیا
ہمارے سِینے میں پتّھر نہیں لگایا گیا
یہ کِس کو ڈُھونڈنے دشتِ وَفا میں آئے ہو
یہاں تو کوئی نہیں مُدّتوں سے آیا گیا
ہمارے شہْر میں اِک حُجرۂ سُخن ہے جہاں!
دِیا بجھایا ہَوا نے تو دِل جلایا گیا
گھٹائیں گزریں وہاں سے گُریز کرتے ہُوئے
جہاں پہ سایوں کو دِیوار سے لگایا گیا
مِرے حَرِیف کے کہنے پہ فیصلہ میرا
مجھے سُنانے سے پہلے اُسے پڑھایا گیا
اب اُس کی سنگ زَنی توڑتی ہے اندر سے
وہ ایک عہد، جو ہم سے نہیں نِبھایا گیا
یہ اور بات، مُوافِق رُتَیں نہیں آئیں !
اِک آرزُو کو سَرِ شاخِ دِل تو لایا گیا
نقوشِ سارے بگاڑے گئے مِرے، پہلے !
پِھر اُس کے بعد مجھے آئینہ دِکھایا گیا
ہمارے جان ِنثاروں کی خَیر ہو اظؔہر !
ہماری گھات میں دشمن نہیں بِٹھایا گیا
اظؔہر ادیب
کوئی تو ہے جو نظامِ ہستی چلا رہا ہے ، وہی خدا ہے،
مظفر وارثی کا لکھا ہوا خوبصورت حمدیہ کلام ❤️
کوئی تو ہے جو نظامِ ہستی چلا رہا ہے ، وہی خدا ہے
دکھائی بھی جو نہ دے ، نظر بھی جو آرہا ہے وہی خدا ہے
تلاش اُس کو نہ کر بتوں میں ، وہ ہے بدلتی ہوئی رُتوں میں
جو دن کو رات اور رات کو دن بنا رہا ہے ، وہی خدا ہے
وہی ہے مشرق وہی ہے مغرب ، سفر کریں سب اُسی کی جانب
ہر آئینے میں جو عکس اپنا دکھا رہا ہے ، وہی خدا ہے
کسی کو سوچوں نے کب سراہا ، وہی ہوا جو خدا نے چاہا
جو اختیارِ بشر پہ پہرے بٹھا رہا ہے ، وہی خدا ہے
نظر بھی رکھے ،سماعتیں بھی ، وہ جان لیتا ہے نیتیں بھی
جو خانہء لاشعور میں جگمگا رہا ہے ، وہی خدا ہے
کسی کو تاجِ وقار بخشے ، کسی کو ذلت کے غار بخشے
جو سب کے ماتھے پہ مہرِ قدرت لگا رہا ہے ، وہی خدا ہے
سفید اُس کا سیاہ اُس کا ، نفس نفس ہے گواہ اُس کا
جو شعلہء جاں جلا رہا ہے ، بُجھا رہا ہے ، وہی خدا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔