وادیِ الحیتان: جہاں کروڑوں سال پرانی سمندری دنیا آج بھی صحرا کی ریت میں سانس لیتی ہے
ذرا تصور کریں…آپ مصر کے مغربی صحرا کے ایک گرم ویران علاقے میں کھڑے ہیں جہاں دور دور تک ریت کے ٹیلے، گرم ہوا کے جھونکے اور خاموشی کے سوا کچھ نہیں۔ وہاں کوئی سمندر ہے نہ ساحل اور نہ لہروں کا شور۔
لیکن جیسے ہی آپ جھک کر دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے پاؤں کے نیچے کوئی عام مٹی نہیں بلکہ وہ حیرت انگیز ڈھانچے دفن ہیں جو کبھی کروڑوں سال پہلے ایک وسیع و عریض سمندر میں شیر کی طرح دھاڑتے اور تیرتے تھے
یہ ہے مصر کی مشہور "وادیِ الحیتان" یعنی "وہیلوں کی وادی" یہ زمین کی ارضیاتی تاریخ کا ایک ایسا معجزاتی راز ہے جس نے دنیا بھر کے سائنس دانوں کو دنگ کر کے رکھ دیا ہے۔
آج جہاں مصر کا یہ خشک صحرا پھیلا ہوا ہے وہاں تقریباً 4 کروڑ سال قبل پانی کا کم گہرا سمندر موجیں مارتا تھا جسے Tethys Ocean کہا جاتا ہے۔
اس سمندر میں زندگی اپنے پورے جوبن پر تھی۔ یہاں دیوہیکل وہیل مچھلیاں ، خطرناک شارک، سمندری گائیں ، مگرمچھ، کچھوے اور سمندری گھاس مینگروو کے پودے پھیلے ہوئے تھے۔
پھر وقت کا پہیہ گھوما۔ لاکھوں سال کے ارضیاتی عمل کے دوران زمین کی ٹیکٹونک پلیٹیں ٹکرائیں سمندر پیچھے ہٹ گیا اور پانی اپنے نقش یہاں محفوظ کر گیا۔ وقت نے سمندر کو صحرا میں بدل دیا مگر اپنے پیچھے آنے والوں کیلئے ایک ارضیاتی تاریخ اور اثاثہ چھوڑ گیا
اس پراسرار وادی کو دنیا کے سامنے لانے کا سفر بڑا دلچسپ ہے:
1879ء میں اس کا پہلا سراغ ملا جب جرمن ماہرِ ارضیات Georg August Schweinfurth نے فیوم کے علاقے میں سب سے پہلے قدیم وہیل کے فوسلز کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا۔ مگر اصل دریافت بیسویں صدی کے آغاز میں ہوئی۔ مصر کے جیولوجیکل سروے سے وابستہ ماہرِ ارضیات H.J.L. Beadnell نے باقاعدہ طور پر یہاں بڑی تعداد میں قدیم وہیلوں کے ڈھانچے دریافت کئے۔ برطانوی ماہرِ حیاتیات Charles William Andrews نے ان کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور 1905ء میں ان کی سائنسی شناخت دنیا کے سامنے رکھی ۔
یونیورسٹی آف مشی گن کے معروف سائنس دان Dr. Philip D. Gingerich اور ان کی ٹیم نے اس علاقے میں وسیع سائنسی تحقیق کا آغاز کیا اور سینکڑوں ایسے فوسلز دریافت کئے جنہوں نے ارضیاتی تاریخ کا رخ بدل دیا۔
وادیِ الحیتان میں ملنے والے فوسلز کو نظریۂ ارتقا کا ثبوت مانا جاتا ہے حالانکہ وہ مخلوقات کی اپنے ماحول میں ڈھل جانے یعنی adaptability کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہاں دریافت ہونے والی 18 سے 21 میٹر لمبی اور سانپ جیسی جسیم وہیل باسیلو سارس اور ایک چھوٹی وہیل ڈوروڈون کے فوسلز ملے جن کے ڈھانچے میں جس حیرت انگیز چیز نے سائنس دانوں کو چونکا دیا وہ ان کے جسم کے پچھلے حصے میں چھوٹی چھوٹی ٹانگیں، گھٹنے، ٹخنے اور باقاعدہ انگلیوں کی موجودگی تھی۔ یہ ٹانگیں اتنی چھوٹی تھیں کہ وہیل اپنی جسامت کے لحاظ سے انہیں خشکی پر چلنے کے لئے استعمال نہیں کر سکتی تھی
یہ دراصل اس بات کا ثبوت تھا کہ وہیلز مچھلیاں نہیں بلکہ ممالیہ ہیں جن کے آباؤ اجداد کروڑوں سال پہلے ٹانگوں والے خشکی کے جانور تھے جو وقت کے ساتھ سمندر میں منتقل ہو گئے اور ارتقائی عمل کے تحت ان کے جسم ڈھلتے چلے گئے۔
وادیِ الحیتان کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہاں فوسلز بکھرے ہوئے نہیں ہیں، بلکہ لاکھوں سال پرانی چٹانوں کے اندر اپنے اصل ڈھانچے اور جگہ پر بالکل محفوظ ہیں۔ یہاں آنے والا سیاح یا محقق اس صحرا میں یوں محسوس کرتا ہے جیسے وہ کسی قدیم سمندر کی کھلی ہوئی کتاب کے صفحات پلٹ رہا ہو۔
یہاں صرف وہیلیں ہی نہیں، بلکہ سمندری گائیوں کے ڈھانچے، شارک اور دیگر مچھلیوں' مگرمچھوں اور کچھوؤں کی باقیات، اور قدیم مینگروو جنگلات کی جڑیں بھی پتھر بنی ہوئی موجود ہیں۔
انہی غیر معمولی خصوصیات کی بنا پر جولائی 2005ء میں یونیسکو نے وادیِ الحیتان کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا، کیونکہ دنیا میں اور کہیں بھی ارتقا کے اتنے واضح اور بڑی تعداد میں شواہد ایک جگہ موجود نہیں ہیں۔
وادیِ الحیتان ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ قدرت کتنی متحرک ہے۔ جہاں آج جلتا ہوا صحرا اور خاموشی ہے، وہاں کبھی زندگی کا ایک پورا سمندری راج قائم تھا۔
اگر صحرا کی تپتی ریت کے نیچے 4 کروڑ سال پرانی ایک پوری دنیا اس طرح محفوظ ہو سکتی ہے تو زمین کے سینے میں ابھی کتنے ہی ایسے راز چھپے ہیں جو ہماری نگاہوں سے اوجھل ہیں؟